
سلیکان ویلی: واٹس ایپ نے اپنی آٹھویں سالگرہ کے موقعے پر صارفین کو ایک نئے فیچر کا تحفہ دیا ہے جس کا نام ’’اسٹیٹس‘‘ رکھا گیا ہے۔
واٹس ایپ کے نئے فیچر کے تحت صارفین اپنے دوستوں کے لیے تصاویر، ویڈیوز، گفس، ایموجیز، ڈرائنگز اور کمنٹس وغیرہ پر مشتمل پوسٹیں شیئر کرواسکتے ہیں جو 24 گھنٹے بعد خودبخود ڈیلیٹ ہوجایا کریں گی۔ البتہ یہ فیچر فی الحال صرف اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز کے لیے ہے جسے جلد ہی ایپل آئی فون اور ونڈوز اسمارٹ فونز کےلیے بھی پیش کردیا جائے گا۔
اس سے پہلے تک واٹس ایپ کے ذریعے انفرادی یا گروپ ڈسکشن ہی ممکن تھی جبکہ اس میں فیس بُک یا انسٹاگرام کی طرح وسیع تر حلقہ احباب کےلیے پوسٹیں شیئر کرانے کی سہولت موجود نہیں تھی لیکن اب ’’اسٹیٹس‘‘ کے اضافے سے واٹس ایپ بھی دوسری سوشل میڈیا ایپس کے قریب ہوگیا ہے۔





